بنگلورو، 15؍اپریل (ایس او نیوز ) ماہ رمضان المبارک کی شروعات شہر یان بنگلورو کے لئے شدید گرمی سے قدرے راحت کی خوشخبری کے ساتھ ہوئی ہے ۔شہر بنگلورو کے علاوہ ریاست کے بعض اضلاع میں بھی بارش کی اطلاعات ملی ہیں ۔
گزشتہ چند ہفتوں سے شہر یان بنگلور وگرمی میں شدت کی وجہ سے پریشان رہے ۔ بنگلورو شہر کا درجہ حرارت 35 ڈگری کے آس پاس پہنچ گیا تھا ۔ رمضان کے پہلے ہی روز ے کے ساتھ پروردگار نے شہر بنگلورو کے ماحول کو ٹھنڈا کر دیا۔ شہر میں صبح سے ہی بادل چھا ئے تھے۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے بھی اس تبدیلی کا اشارہ دیا گیا تھا۔ شام ہوتے ہو تے موسم سرد ہو گیا اور بارانِ رحمت بھی اپنے پورے جوش میں برسنے لگی ۔ بنگلورو شہر کے شیواجی نگر ، میجسٹک ، گاندھی بازار ،ملیشورم ،شیواننداسرکل اور دیگر علاقوں میں تیز بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر بنگلور و اور ریاست کے بعض جنوبی اضلاع میں اس موسمی تبد یلی کا سبب شمال مغربی سمت سے آنے والی طوفانی ہوائیں ہیں ۔میسورو اور کورگ میں بھی ان ہواؤں کے زیراثر بارش ہونے کی اطلاعات ملی ہیں ۔محکمہ نے پیشین گوئی کی ہے کہ آج بھی شہر بنگلور و اور آس پاس کے علاقوں میں اس طرح کا موسم برقرار رہ سکتا ہے ۔
محکمہ نے دکشن کنڑا، اُ ڈ پی ، اُتر کنڑا، باگل کوٹ، بیلگاوی ، بیدر، دھارواڑ ، ہاویری، کلبرگی ، را پچور، وجئے پور، یادگیر ، بلاری، چامراج نگر ، چکمگلور، ہاسن ،کورگ، میسور واورشیمو گہ اضلاع میں موسم اسی طرح برقرار رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔